دنیا

سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب داغے گئے 2 بیلسٹک میزائل مار گرائے

  • سعودی عرب کا اقتصادی مرکز سمجھے جانے والا مشرقی صوبہ بھی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں کے متعدد حملوں کی زد میں رہا ہے۔
شائع اپ ڈیٹ

یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے اتوار کو کہا ہے کہ اس نے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل اور مملکت کے تیل سے مالا مال مشرقی صوبے میں تین ڈرونز مار گرائے ہیں۔

یمن کے زیادہ آبادی والے بیشتر علاقوں پر قابض حوثی باغیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی دارالحکومت پر حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ گزشتہ ہفتے حوثیوں کے ایک حملے میں ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع سعودی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔

سعودی عرب کا اقتصادی مرکز سمجھے جانے والا مشرقی صوبہ بھی گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں کے متعدد حملوں کی زد میں رہا ہے۔

اس صوبے میں سعودی عرب کے تیل اور گیس کے بیشتر ذخائر موجود ہیں، جبکہ آرامکو کا مرکزی دفتر بھی یہیں واقع ہے، جسے اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔

حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات پر حملے تیز کردیے ہیں، جبکہ سعودی عرب نے جوابی کارروائی میں یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔