ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے میزبان ملک ترکیہ کے ساتھ ریکارڈ 1.6 ارب ڈالر کی مالی معاونت کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ بینک کے مطابق اس مالی معاونت کا مقصد پالیسی اصلاحات کے ایک سلسلے میں مدد فراہم کرنا ہے جن کے ذریعے موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے درکار سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے گا۔

بینک نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ اے آئی آئی بی کے بانی ارکان میں شامل ترکیہ کو 2030 تک ماحولیاتی شعبے میں مزید 68 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی جس کا تقریباً نصف حصہ نجی ذرائع سے حاصل کرنا ہوگا۔ یہ بیان انتالیا میں اقوام متحدہ کی دو ہفتے جاری رہنے والی موسمیاتی کانفرنس کے چوتھے روز جاری کیا گیا۔

اس معاہدے میں مالیاتی پالیسی، مالیاتی ضوابط اور مختلف شعبوں کی منصوبہ بندی شامل ہے، جس کے تحت ترکیہ کے موسمیاتی قانون پر عملدرآمد اور عالمی حدت کا باعث بننے والی گیسوں کے اخراج میں کمی کے منصوبے کی معاونت کی جائے گی۔ اس منصوبے میں 2035 کے لیے عبوری ہدف مقرر کیا گیا جبکہ 2053 تک کاربن کے خالص اخراج کو صفر پر لانے کا مقصد طے کیا گیا ہے۔

یہ مالی معاونت 8 کروڑ 60 لاکھ آبادی والے ملک میں پائیدار مالیاتی نظام کو وسعت دینے، کاربن کے اخراج میں کمی کے عمل کو تیز کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے میں مدد دے گی۔ عالمی حدت کے باعث ملک کو خشک سالی، سیلاب اور جنگلات میں آتشزدگی جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

اے آئی آئی بی کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر کونسٹنٹن لیمیتووسکی نے کہا کہ یہ مالی معاونت اب تک بینک کا سب سے بڑا موسمیاتی پالیسی پر مبنی مالیاتی پیکیج ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس کے ذریعے ترکیہ کو اپنے موسمیاتی اہداف حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرسکیں گے۔

2025 میں اے آئی آئی بی کی جانب سے موسمیاتی شعبے کے لیے فراہم کی جانے والی مجموعی مالی معاونت ریکارڈ 7.47 ارب ڈالر رہی۔

پائیدار مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت کا ایک حصہ ترکیہ کے ابتدائی مرحلے کے اخراجِ کاربن کے تجارتی نظام کو وسعت دینے پر خرچ کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت زیادہ کاربن خارج کرنے والے شعبوں کی کمپنیوں کو اخراج کے اجازت نامے دیے جائیں گے جن کی خرید و فروخت بھی ممکن ہوگی۔

ملک میں کاربن کے اخراج کی قیمت مقرر کرنے کا نظام اسٹیل اور سیمنٹ جیسے شعبوں کے برآمد کنندگان کے لیے یورپی یونین کی منڈی میں فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ ترکیہ میں کاربن کے اخراج پر ادا کی جانے والی لاگت کو یورپی یونین کی جانب سے بعض درآمدی مصنوعات میں شامل کاربن کے اخراج پر عائد سرحدی محصول کے تحت مدنظر رکھا جاسکتا ہے۔

پروگرام کے اہداف میں اپریل 2027 تک اس تجارتی نظام کے تحت کم از کم 180 صنعتی تنصیبات سے بنیادی سطح پر کاربن کے اخراج کی رپورٹنگ یقینی بنانا اور 2027 کے اوائل تک ہوا اور شمسی توانائی کے مجموعی 1,800 میگاواٹ پیداواری منصوبوں کے لیے لائسنس حاصل کرنا شامل ہے۔

منصوبے کے تحت 2028 تک پانی کی قلت کا شکار دریائی طاسوں کے 2 لاکھ 25 ہزار کسانوں کو ایسی فصلوں کی کاشت کی جانب منتقل کرنے میں بھی مدد دی جائے گی جن میں پانی کا استعمال نسبتاً کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ 2028 تک 50 ہزار ہیکٹر (ایک لاکھ 24 ہزار ایکڑ) رقبے کو کاربن جذب کرنے والے علاقوں کے طور پر نامزد کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ ایسے علاقوں میں زمین فضا سے موسمیاتی تبدیلی کا باعث بننے والی کاربن جذب کرتی ہے۔

پانی کی قلت، خشک سالی، شدید گرمی، جنگلات میں آتشزدگی اور شہری علاقوں میں سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر اصلاحاتی منصوبے کا مقصد پانی، قدرتی ماحولیاتی نظام اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں منصوبہ بندی اور خطرات سے نمٹنے کے انتظامات کو مضبوط بنانا ہے۔