✕
بی آر ریسرچ

ترسیلات زر، حیران کن اضافے کی وجہ کیا ہے؟

  • مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات زر 14 فیصد اضافے کے ساتھ 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں
شائع اپ ڈیٹ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں تیزی کا رجحان بدستور مارکیٹ کے شرکا کو حیران کر رہا ہے۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں ترسیلات زر 14 فیصد اضافے کے ساتھ 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ اکتوبر کے اعدادوشمار غیر معمولی طور پر مضبوط رہے، جب اس ماہ ترسیلات زر سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد بڑھ کر تقریباً 3.9 ارب ڈالر ہوگئیں، حالانکہ یہ کوئی ایسا مہینہ نہیں جس میں موسمی وجوہات کی بنا پر ترسیلات زر میں اضافہ متوقع ہو۔ یہ اعدادوشمار حوصلہ افزا ہیں اور ان سے کرنٹ اکائونٹ کے خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد ملنی چاہیے۔

سوال یہ ہے کہ رقوم کی آمد میں اس اضافے کی وجہ کیا ہے؟ خاص طور پر دبئی سے ترسیلات زر میں واضح اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جو خطے میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے مسلسل ایک غیر معمولی مثال بنا ہوا ہے۔ مارچ سے اکتوبر 2026 کے دوران دبئی سے آنے والی رقوم میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مجموعی ترسیلات زر میں اس عرصے کے دوران 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ صورت حال بظاہر توقعات کے برعکس ہے، کیونکہ پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات زر کا نصف سے زیادہ حصہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک سے آتا ہے، جہاں معاشی سست روی واضح ہے اور روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں، خاص طور پر دبئی میں۔ اس لیے اس اضافے کی مزید وضاحت ضروری ہے۔

اس کی ایک ممکنہ وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ لوگ بیرون ملک رکھی ہوئی اپنی بچتیں واپس لا رہے ہیں، کیونکہ پاکستانی متحدہ عرب امارات میں جائیداد اور دیگر کاروباروں میں سرمایہ کاری کرنے والے نمایاں سرمایہ کاروں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے کارکنوں کے بھی معاملات ہیں جو وطن واپس آ رہے ہیں اور اپنی بچتیں بھی ساتھ لا رہے ہیں۔ مارچ سے مئی 2026 کے ابتدائی مہینوں میں یہ دونوں عوامل زیادہ نمایاں تھے۔

ایک اور اور شاید زیادہ قابلِ قبول وضاحت یہ ہے کہ پاکستان سے دیگر ممالک، بالخصوص دبئی، رقم کی منتقلی رک گئی ہے یا اس میں کمی آئی ہے۔ عموماً اس طرح کی رقوم کی بیرون ملک منتقلی کو ہنڈی حوالہ نظام کے ذریعے آنے والی رقوم کے مقابل ایڈجسٹ کر دیا جاتا ہے۔ غیر رسمی مارکیٹ کے ذریعے رقوم کی بیرون ملک منتقلی کم ہونے سے اندرون ملک آنے والی کچھ رقوم باضابطہ بینکاری ذرائع کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائی گئی ترسیلات زر کی ترغیبی اسکیم بھی موجود ہے، جس کے تحت بینکوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے رقوم بھیجنے والوں کو نقد انعامات دینے کی پیشکش کی گئی ہے، جبکہ ان انعامات کے اخراجات بینک برداشت کرتے ہیں۔ ممکن ہے کہ کچھ افراد انعام جیتنے کے موقع کی خاطر رقوم بھیجنے کے لیے باضابطہ ذرائع اختیار کر رہے ہوں۔

ترسیلات زر میں اضافے کی ایک اور وجہ بینکوں کی جانب سے ترسیلات بھیجنے والوں کو برآمد کنندگان کے مقابلے میں بہتر شرح مبادلہ کی پیشکش ہے، خاص طور پر ان مہینوں میں جب درآمدی ادائیگیوں کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے۔ جب بینکوں کو زیادہ ادائیگیاں کرنی ہوتی ہیں تو وہ ترسیلات زر کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے زیادہ شرح پیش کرتے ہیں۔ بہتر شرح دیکھ کر برآمدات سے حاصل ہونے والی کچھ چھوٹی رقوم، مثلاً فری لانس کام سے ہونے والی آمدنی، کو ترسیلات زر کے طور پر بھیجا اور ظاہر کیا جا سکتا ہے۔ بہتر شرح مبادلہ غیر رسمی ذرائع سے آنے والی رقوم کو بھی باضابطہ نظام کی طرف منتقل ہونے کی ترغیب دیتی ہے۔

یہ طے کرنا مشکل ہے کہ ان عوامل میں سے کون سا عامل باضابطہ ترسیلات زر میں اضافے کا سب سے زیادہ سبب بن رہا ہے۔ اس کا بہتر اندازہ ترسیلات زر کے لین دین کی اوسط مالیت کے رجحانات کا جائزہ لے کر لگایا جا سکتا ہے۔ اگر اوسط لین دین کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہو تو یہ سرمائے کی الٹی منتقلی، یعنی بیرون ملک سے پاکستان واپسی، کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ اگر اوسط لین دین کی مالیت میں زیادہ تبدیلی نہ آئے تو اس سے ظاہر ہوگا کہ زیادہ رقوم غیر رسمی مارکیٹ سے باضابطہ بینکاری نظام کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔

بی آر ریسرچ نے کئی بینکوں سے پوچھا کہ آیا انہوں نے اپنی ترسیلات زر کی لین دین میں کوئی تبدیلی محسوس کی ہے۔ ایک بڑے بینک کے مطابق اوسط لین دین کی مالیت میں 10 سے 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک دوسرے بینک نے بتایا کہ یہ مالیت 300 ڈالر سے بڑھ کر 400 ڈالر ہوگئی ہے۔ تاہم، دونوں بینکوں نے اس کی ایک ممکنہ وجہ کی نشاندہی کی: رعایت کے لیے اہل لین دین کی کم از کم مالیت میں تبدیلی، جسے فی لین دین 100 ڈالر سے بڑھا کر 200 ڈالر کر دیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر نے حال ہی میں کہا تھا کہ اوسط لین دین کی مالیت میں کوئی قابلِ ذکر تبدیلی نہیں آئی۔ انہیں یہ امید بھی ہے کہ ترسیلات زر کی بلند آمد کا رجحان برقرار رہے گا۔ اسٹیٹ بینک نے مالی سال 2027 کے لیے ترسیلات زر کا تخمینہ ایک ارب ڈالر بڑھا کر 45 ارب ڈالر کر دیا ہے۔

موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے ترسیلات زر میں تیزی کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں رقوم کی آمد توقعات سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے اور پاکستان کے ادائیگی کے توازن کے استحکام میں ان کا کردار بتدریج مزید اہم ہوتا جائے گا۔