✕
دنیا

چینی جاسوسی کے الزامات، ایف بی آئی این ویڈیا کے سی ای او جنسن ہانگ کی تفتیش کررہی ہے، ٹرمپ

  • میرا خیال ہے کہ وہ اس صورتِ حال سے بخوبی نمٹ لیں گے، امریکی صدر
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف بی آئی) این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون کے ساتھ مبینہ تعلقات کی تحقیقات کررہا ہے جن پر بیجنگ کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔

ٹرمپ نے ہوانگ کے حوالے سے سامنے آنے والے الزامات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سلیکون ویلی میں ان کے قریبی ترین اتحادیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ صدر کے مطابق، انہوں نے این ویڈیا کے سی ای او سے بات کی جنہوں نے انہیں بتایا کہ انہیں اس بات کا بالکل علم نہیں تھا کہ مذکورہ خاتون جاسوس ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ ایف بی آئی اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ وہ اس صورتِ حال سے بخوبی نمٹ لیں گے۔

دوسری جانب این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اس بات کی داخلی تحقیقات شروع کیے جانے کے بعد کہ آیا ہوانگ کسی غیر ملکی خفیہ ادارے کی کارروائی کا ہدف بنے تھے، پیر کو کمپنی کے حصص کی قیمت میں 4 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

اتوار کو اعلان کی جانے والی اس تحقیقات نے 63 سالہ ہوانگ کے مستقبل کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ اس کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ این ویڈیا دنیا کی سب سے زیادہ مالیت رکھنے والی چِپ ساز کمپنی ہے اور اس کے سی ای او مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی صنعت میں تیزی کے سب سے نمایاں محرک اور فروغ دینے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔

ہوانگ نے این ویڈیا کے ملازمین کو بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کی تھی، تاہم انہوں نے مذکورہ تعلق کے بارے میں مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

چمڑے کی جیکٹ پہننے کے منفرد انداز کے لیے مشہور ہوانگ کو دنیا بھر میں کسی راک اسٹار جیسی مقبولیت حاصل ہے، بالخصوص ایشیا میں، جہاں وہ اکثر اپنے مداحوں کے درمیان گھل مل جاتے ہیں، ان کے ساتھ سیلفیاں بنواتے اور انہیں آٹوگراف دیتے ہیں۔

ایل ایس ای جی کے اعدادوشمار کے مطابق، ہوانگ این ویڈیا کے پانچویں بڑے حصص دار ہیں اور کمپنی میں ان کا حصہ تقریباً 3.6 فیصد ہے۔ وہ کمپنی کے انتظامی معاملات پر بھی غیر معمولی حد تک مضبوط گرفت رکھتے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ کمپنی کا نسبتاً ہموار انتظامی ڈھانچہ ہے، جس کے تحت درجنوں اعلیٰ عہدیدار براہِ راست انہیں رپورٹ کرتے ہیں۔

تاہم، مارک زکربرگ کی میٹا پلیٹ فارمز اور ایلون مسک کی اسپیس ایکس کے برعکس این ویڈیا میں دوہری درجہ بندی کے حصص کا نظام موجود نہیں جس کے ذریعے شریک بانی ہوانگ کو اکثریتی ووٹنگ اختیار حاصل ہو سکتا تھا۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کو ہوانگ کے مذکورہ خاتون کے ساتھ تعلقات اور ان کی جانب سے چینی حکومت کو معلومات فراہم کیے جانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، تاہم صدر نے اس معلومات کی بنیاد پر کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی جاسوس سے متعلق یہ نام نہاد بیانیہ سراسر بے بنیاد الزام، بہتان اور کردار کشی ہے۔

ٹرمپ کے ساتھ ہوانگ کے قریبی تعلقات کے دوران این ویڈیا کے حق میں کئی اہم پالیسی پیش رفت بھی سامنے آئی ہیں جبکہ صدر نے متعدد مواقع پر ہوانگ کی بھرپور تعریف کی ہے۔ اکتوبر میں ٹرمپ نے انہیں سائنسی کامیابیوں کے اعتراف میں امریکا کا اعلیٰ ترین اعزاز عطا کیا تھا۔

اسی روز جب ٹرمپ نے ہوانگ کو یہ اعزاز دیا، صدر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے موسمِ گرما کے دوران این ویڈیا کے 16 لاکھ ڈالر مالیت تک کے حصص خریدے تھے، جبکہ 10 لاکھ ڈالر مالیت تک کے حصص فروخت بھی کیے تھے۔