✕
مارکٹس

امریکی افراط زر کے اعداد و شمار سے قبل ڈالر مستحکم

  • پیر کو آسٹریلوی ڈالر تقریباً ایک فیصد اضافے کے بعد منگل کی صبح 0.6921 ڈالر پر آگیا
شائع اپ ڈیٹ

امریکی ڈالر نے چند روز کے اتار چڑھاؤ کے بعد منگل کو ایشیائی کاروباری سیشن میں دوبارہ استحکام حاصل کرلیا، جبکہ سرمایہ کار امریکی افراط زر کے اعداد و شمار کے منتظر ہیں، جن سے شرح سود میں اضافے کے امکانات متاثر ہوسکتے ہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی حصص بازاروں میں بہتری کے باعث سرمایہ کاروں نے خطرے والے اثاثوں میں سرمایہ کاری بڑھائی، جس سے ڈالر دباؤ کا شکار ہوا تھا۔

پیر کو آسٹریلوی ڈالر تقریباً ایک فیصد اضافے کے بعد منگل کی صبح 0.6921 ڈالر پر آگیا، جبکہ نیوزی لینڈ کا ڈالر بڑھ کر 0.5624 ڈالر پر پہنچ گیا۔ یورو بھی گزشتہ سیشن میں 0.7 فیصد اضافے کے بعد 1.1220 ڈالر پر آگیا۔

امریکی ڈالر انڈیکس رواں سال اضافے میں رہا ہے۔ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خدشات نے امریکی شرح سود میں کمی کے بجائے اضافے کی توقعات کو تقویت دی ہے۔

رائٹرز کے سروے میں ماہرین اقتصادیات نے اکتوبر میں امریکی مجموعی افراط زر کی سالانہ شرح 3.9 فیصد اور بنیادی افراط زر 2.8 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ توقع سے زیادہ مہنگائی ڈالر کو مزید مضبوط کرسکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکا میں روزگار کے اعداد و شمار توقعات سے دوگنا سے زیادہ بہتر رہے، جس کے بعد دسمبر میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات 85 فیصد تک پہنچ گئے۔

ادھر برطانوی پاؤنڈ 1.3441 ڈالر جبکہ جاپانی ین 157.97 فی ڈالر پر مستحکم رہا۔ جاپان کی جانب سے 97 ارب ڈالر کے ذخائر استعمال کرکے اپنی کرنسی کو سہارا دینے کی اطلاعات نے بھی ین کو تقویت دی ہے۔