✕
کاروبار اور معیشت

صنعتی، زرعی صارفین کیلئے اضافی بجلی مہنگی، ٹیرف 25.30 روپے مقرر

  • اطلاق نومبر 2026 کے بلوں سے ہوگا
شائع اپ ڈیٹ

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سابق واپڈا ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ایکس واپڈا ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے اضافی بجلی کے استعمال کا عارضی ٹیرف 22 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ مقرر کردیا ہے جس کا اطلاق نومبر 2026 کے بلوں سے ہوگا, تاہم نیپرا نے خبردار کیا کہ حکومت کی جانب سے لاگت کا جامع تخمینہ فراہم نہ کیے جانے کے باعث اس سہولت سے فائدہ نہ اٹھانے والے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑسکتا ہے۔

6 نومبر 2026 کو جاری کیے گئے فیصلے میں انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج (آئی سی پی) کا جائزہ لینے کے بعد مراعاتی اسکیم کو نظرثانی شدہ نرخ پر جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ منظوری اضافی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کی حقیقی اضافی لاگت کے جامع تکنیکی جائزے کی تکمیل تک عارضی طور پر دی گئی ہے۔

تاہم، اس پیکیج کو جاری رکھنے کے معاملے پر اتھارٹی کے ارکان میں اختلاف رائے سامنے آیا۔ نیپرا کی ارکان امینہ احمد (ٹیرف اینڈ فنانس) اور انجینئر مقصود انور خان (ڈیولپمنٹ) نے اختلافی نوٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے اضافی بجلی کے لیے حقیقی لاگت کے مطابق ٹیرف کے تعین سے متعلق مکمل اور قابل تصدیق جائزہ پیش کیے جانے تک اس پیکیج کو عارضی طور پر معطل کیا جانا چاہیے تھا۔

چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے اپنے اضافی نوٹ میں فی الحال پیکیج جاری رکھنے کی حمایت کی اور وزارت کو ریگولیٹر کی جانب سے بار بار طلب کردہ معلومات فراہم کرنے کا ایک اور موقع دینے کی تجویز دی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنا فیصلہ کن ووٹ پہلے مؤقف کے حق میں استعمال کیا، جس کے نتیجے میں پیکیج کو 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کی شرح سے جاری رکھنے کا فیصلہ اتھارٹی کا حتمی فیصلہ قرار پایا۔

نیپرا ایکٹ 1997 کی دفعہ 31(7) کے تحت سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے۔