✕
کاروبار اور معیشت

پاکستان، سعودی عرب کا جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط پر زور

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی ملاقات
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مجوزہ پاکستان-جی سی سی آزاد تجارتی معاہدے پر جلد دستخط کرنے کا خواہاں ہے جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔

یہ پیشرفت پاکستان میں سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آئی.

جاری کردہ بیان کے مطابق سعودی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے جام کمال خان نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور تاریخی تعلقات کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے گزشتہ تین برس کے دوران حکومتی سطح، کاروباری حلقوں اور عوامی سطح پر روابط بڑھا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔

دونوں فریقین نے پاکستان اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے اور اس پر جلد دستخط اور عمل درآمد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ یہ معاہدہ منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی روابط مضبوط بنانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات معاشی انضمام کو مزید فروغ دینے کے وسیع مواقع خصوصاً سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت معیشت میں تنوع لانے کی کوششوں اور پاکستان کی پیداواری و صنعتی صلاحیتوں کے تناظر میں فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے پیداوار میں اضافے، مصنوعات کے معیار میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور صنعتی مسابقت مضبوط بنانے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شعبوں میں اشتراک سے پاکستانی کاروباری ادارے سعودی منڈی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں گے جبکہ دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر مفید معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر تجارت نے پاکستان کی برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ بڑھتے اقتصادی روابط کو عملی تجارتی نتائج میں تبدیل کیا جاسکے۔

ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے علاقائی روابط اور تعاون کے فروغ، خصوصاً زرعی شعبے میں اشتراک کے مواقع کو اجاگر کیا۔

سعودی سفیر نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی مفاد پر مبنی نئی شراکت داریوں کے مواقع تلاش کرنے کے لیے وزارت تجارت کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور زرعی تعاون کے فروغ کے لیے باقاعدہ رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط معاشی روابط میں تبدیل کیا جا سکے۔