اسٹیو اسمتھ گردن کی چوٹ سے محفوظ، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت متوقع
- اسمتھ کا علاج اور بحالی کا عمل جاری رہے گا، کرکٹ آسٹریلیا
آسٹریلیا کو توقع ہے کہ تجربہ کار بلے باز اسٹیو اسمتھ دسمبر میں پرتھ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ہوم ٹیسٹ میچ کے لیے مکمل فٹ ہوجائیں گے۔ اسکین رپورٹس میں ان کی گردن میں سنگین نوعیت کی چوٹ سامنے نہیں آئی، تاہم گردن کے جوڑ میں انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔
37 سالہ اسمتھ کو گردن میں کئی روز تک درد کی شکایت کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں ہونے والے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ سے باہر کردیا گیا تھا۔
اسکین رپورٹس کے مطابق ان کی گردن کے سروائیکل فیسٹ جوائنٹ میں چوٹ آئی ہے۔ یہ جوڑ گردن کی حرکت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے بیان میں کہا کہ اسمتھ کا علاج اور بحالی کا عمل جاری رہے گا جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کی مکمل دستیابی متوقع ہے۔
ٹیم انتظامیہ کو امید تھی کہ اتوار کو نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ کرنے کے بعد اسمتھ نیولینڈز میں میچ کھیل سکیں گے، تاہم جائزے کے بعد انہیں میچ کے لیے فٹ قرار نہیں دیا گیا۔
اسمتھ کی عدم موجودگی میں انجری سے صحت یاب ہونے والے آل راؤنڈر کیمرون گرین نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کی، جو اسمتھ کی معمول کی پوزیشن ہے۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کے 329 رنز کے جواب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنا لیے تھے۔
آسٹریلیا دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کی میزبانی کرے گا۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 دسمبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔