✕
پاکستان

پاکستان کا یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اعادہ

  • جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ممکن نہیں, صدر و وزیراعظم
شائع اپ ڈیٹ

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام ممکن نہیں۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاکستانی عوام بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1947 میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے جموں و کشمیر پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کر لیا تھا جو تقسیمِ ہند کے منصوبے کی صریح خلاف ورزی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے منافی تھا۔

صدر نے اپنے پیغام میں عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔

وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

دریں اثنا، یومِ سیاہ کے سلسلے میں آج اسلام آباد کے کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ایک ریلی نکالی گئی جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

ریلی کا آغاز دفترِ خارجہ سے ہوا اور اس کا اختتام ڈی چوک پر ہوا۔ ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ڈی چوک پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت عالمی فورمز پر مسئلہ جموں و کشمیر اٹھاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں پاکستان کی ذمہ داری ہیں اور پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

آج لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یومِ سیاہ منا رہے ہیں تاکہ جموں و کشمیر پر بھارت کے مسلسل غیر قانونی قبضے کے باعث پیدا ہونے والے ممکنہ تباہ کن بحران کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے آج یومِ سیاہ منانے کی اپیل کی ہے جبکہ مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

اے پی ایچ سی کے رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعِ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ جاری کردیا

یومِ سیاہ کے موقع پر انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک خصوصی نغمہ جاری کیا ہے۔

یہ نغمہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی ثابت قدمی، امید، تحریکِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

نغمے میں بھارتی کارروائیوں کے دوران قتل و تشدد، خواتین اور بچوں پر ہونے والے مظالم اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

نغمے کے اختتام پر پاکستان کی عسکری قیادت نے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔