اسحاق ڈار آر فور اور آر فور پلس ای تھری اجلاسوں میں شرکت کیلئے استنبول روانہ
- دورے کے دوران اسحاق ڈار کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار آج (جمعہ) پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر پرمشتمل آر فورممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے استنبول روانہ ہوگئے۔ اس اجلاس کے بعد وہ ای تھری ممالک یعنی برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق آر فور اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ کو اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کرنے کا موقع ملے گا۔
اس اجلاس کے بعد آرفوراورای تھری ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوگا جس میں ای تھری ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی بھی شرکت کریں گے۔ یہ اپنی نوعیت کا متعلقہ سات ملکوں کا پہلااجلاس ہوگا۔
اجلاسوں میں علاقائی اہم صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور مشترکہ چیلنجز کے تدارک اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مربوط سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں۔