یورپ میں سیاسی بے یقینی، ڈالر اور یورو کی قدر میں اتار چڑھاؤ
- یورو کی قدر 1.1216 ڈالر پر مستحکم رہی، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.1 فیصد اضافے سے 1.3308 ڈالر پر آگیا
ایشیا میں منگل کو کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں معمولی بہتری کے باعث زیادہ منافع دینے والی کرنسیوں کو سہارا ملا۔ تاہم یورپ میں بڑھتے ہوئے سیاسی خطرات نے مالیاتی منڈیوں میں بے چینی برقرار رکھی۔
یورو کی قدر 1.1216 ڈالر پر مستحکم رہی، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.1 فیصد اضافے سے 1.3308 ڈالر پر آگیا۔ آسٹریلوی ڈالر 0.1 فیصد بڑھ کر 0.6986 ڈالر اور نیوزی لینڈ ڈالر اتنے ہی اضافے کے بعد 0.5668 ڈالر پر پہنچ گیا۔ جاپانی ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر 158.56 ین پر مستحکم رہا۔
پیپر اسٹون گروپ کے سربراہ برائے تحقیق کرس ویسٹن کے مطابق خطرات مول لینے کی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی آمادگی سے زیادہ منافع دینے والی کرنسیوں کو خریدار ملے، تاہم یورپ کی صورت حال اتنی حوصلہ افزا نہیں تھی۔
فرانس میں حکومت مخالف ملک گیر مظاہروں کے بعد متعدد شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا، جبکہ اٹلی کی حکومت نے دو روزہ بدامنی کے بعد 500 فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا۔
سیاسی بے یقینی کے باعث فرانسیسی اور جرمن 10 سالہ سرکاری بانڈز کے منافع میں فرق پیر کو 9.9 بیسس پوائنٹس بڑھ کر 147.3 بیسس پوائنٹس ہوگیا۔
دوسری جانب امریکی ڈالر انڈیکس دو روزہ کمی کے بعد 0.2 فیصد اضافے سے 101.98 پر آگیا۔ چینی یوآن کے مقابلے میں ڈالر 6.6811 یوآن پر مستحکم رہا۔ بٹ کوائن کی قیمت 81,906.58 ڈالر پر برقرار رہی، جبکہ ایتھر 0.3 فیصد اضافے سے 2,405.99 ڈالر پر آگیا۔