✕
پاکستان

وزیرِ خزانہ کی موڈیز حکام سے ملاقات، پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری پر تبادلۂ خیال

  • محمد اورنگزیب کا آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام کے بعد بھی ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں کے موقع پر عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی منظرنامے اور خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں مزید بہتری کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزارتِ خزانہ نے بدھ کو بتایا کہ ملاقات میں حالیہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، مالی اور بیرونی شعبوں کے اشاریوں میں بہتری اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے مہنگے اور قلیل مدتی قرضوں کی جگہ طویل مدتی قرضوں کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا اور واضح کیا کہ اس عمل میں بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وفد نے زرمبادلہ کے بڑھتے ذخائر، جاری کھاتوں کے خسارے کو محدود رکھنے اور اسٹیٹ بینک کی فارورڈ واجبات میں کمی کو اجاگر کیا۔ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام کے بعد بھی ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور برآمدات پر مبنی پائیدار اقتصادی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے موڈیز سے یہ رائے بھی طلب کی کہ پاکستان اپنی کریڈٹ ریٹنگ مزید بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کرسکتا ہے اور ریٹنگ کے جائزوں میں سیاسی خطرات اور معاشی کارکردگی کے درمیان مناسب توازن کیسے قائم کیا جاسکتا ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو آئندہ مالی سال 2027-28 کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) تک بڑھا کر بی پلس کرسکتی ہیں۔

ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز نے جولائی 2026 سے پاکستان کی ریٹنگ بی برقرار رکھی ہوئی ہے جس کا آؤٹ لک مستحکم ہے جبکہ موڈیز نے اگست 2026 میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے 1 سے بڑھا کر بی 3 کر دی تھی اور آؤٹ لک مستحکم رکھا تھا۔

ایک علیحدہ ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید الخلیفہ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی معیشت میں استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پیشرفت اور عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو اجاگر کیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے تجارتی اور منصوبوں کی مالی معاونت بڑھانے میں فنڈ کی آمادگی کو سراہا۔

مذاکرات میں ایم 6 موٹروے کی مالی معاونت پر بھی بات چیت ہوئی جس میں پہلی منظور شدہ قسط، قرض کے معاہدے پر دستخط کے التوا اور بعد کی اقساط کے امور شامل تھے۔ فریقین نے ایم ایل ون ریلوے کی جدید کاری اور بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی اہم ترجیحات قرار دیا۔

دونوں جانب سے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے منظوریوں کے عمل کو تیز کرنے اور باہمی رابطوں و ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر خطے میں امن و استحکام کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔