✕
کاروبار اور معیشت

کوئلے کی فراہمی کے معاہدوں پر ایک سال کی حد ناقابلِ عمل ہے، پورٹ قاسم پاور کمپنی

  • اس پابندی سے ایندھن کی دستیابی متاثر، خریداری کے معاملات پیچیدہ اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں، کمپنی کا موقف
شائع اپ ڈیٹ

پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پی کیو ای پی سی) نے کوئلے کی فراہمی کے معاہدوں پر ایک سال کی مجوزہ حد کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس پابندی سے ایندھن کی دستیابی متاثر، خریداری کے معاملات پیچیدہ اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

بزنس ریکارڈر کو ذرائع نے بتایا کہ کمپنی نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی (سی پی پی اے-جی) کو جمع کرائے گئے اپنے اعتراضات میں کوئلے کی خریداری پر رعایتوں کے تقابلی جائزے کے مجوزہ طریقہ کار کو بھی چیلنج کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق مختلف سپلائرز کی رعایتوں میں فرق بذات خود خریداری میں بے ضابطگی کا ثبوت نہیں۔

کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کی خریداری کا جائزہ منظور شدہ ٹیرف، پیداواری لائسنس، بجلی کی خریداری کے معاہدے اور حکومت کے ساتھ طے شدہ عمل درآمد کے معاہدے کی روشنی میں لیا جانا چاہیے۔ اس کے مطابق اس نے درآمدی کوئلہ ان دستاویزات کے تحت خریدا ہے۔

پی کیو ای پی سی نے کہا کہ مختلف ٹینڈرز کا موازنہ صرف رعایت کی بنیاد پر نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ ان میں مقدار، معاہدے کی مدت، ادائیگی کی کرنسی، ترسیل، کوئلے کے معیار اور ضمانتوں کی شرائط مختلف ہوتی ہیں۔ کمپنی نے 0.20 ڈالر سے 7.12 ڈالر فی ٹن تک رعایتوں کے فرق کو بے ضابطگی قرار دینے کی مخالفت بھی کی۔

کمپنی کے مطابق انڈونیشیا سے کوئلے کی برآمدات پر پابندیوں اور رسد میں رکاوٹوں کے باعث سابقہ رعایتیں برقرار رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔ مزید یہ کہ قابلِ قبول کوئلے کی حرارتی قدر کی حد 4,000 سے بڑھا کر 4,200 کرنے سے معیار کی شرائط سخت ہوئی ہیں۔

ایک سالہ معاہدوں کی لازمی پابندی پر کمپنی نے کہا کہ عالمی کوئلہ کان کن اور جہاز مالکان عموماً کم از کم خریداری کی ضمانت کے بغیر ایسے مختصر مدتی انتظامات نہیں کرتے۔ بار بار نئے ٹینڈرز سے انتظامی اور ضابطہ جاتی منظوریوں میں تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔

پی کیو ای پی سی نے کہا کہ وہ ایندھن کی خریداری میں نقصان برداشت کرچکی ہے، جس میں حالیہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت تقریباً 0.58 ڈالر فی ٹن اور اسپاٹ کوئلہ خریداری رہنما اصولوں کے باعث تقریباً 1.62 ارب روپے کا نقصان شامل ہے۔

کمپنی نے حکومت اور سی پی پی اے-جی سے مجوزہ پابندی پر نظرثانی، سپلائر کی کوتاہی پر اخراجات عائد کرنے سے پہلے منصفانہ سماعت اور ناگزیر حالات کو استثنا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس نے تجویز دی کہ حکومت کوئلے کی خریداری اور بجلی گھروں کو فراہمی کے لیے کسی سرکاری ادارے کو مرکزی ذمہ داری سونپنے پر بھی غور کرے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026