ٹرمپ انتظامیہ کا مائیکروسافٹ اور آئی ٹی کمپنیوں کے گرین کارڈ پروگرام منجمد کرنے کا فیصلہ، جامعات کی تحقیقات بھی شروع
- امریکا کا مبینہ ویزا فراڈ کے خلاف کارروائی کے تحت مائیکروسافٹ اور بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے گرین کارڈ پروگرام معطل کرنے اور معروف جامعات کی تحقیقات کا فیصلہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مائیکروسافٹ، آئی ٹی آؤٹ سورسنگ کی بڑی کمپنیوں اور سافٹ ویئر ساز ادارے ایڈوب کو گرین کارڈ کے ایک اہم پروگرام سے معطل کردیا، جبکہ نو معروف جامعات کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردیں۔
امریکی حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد مبینہ ویزا فراڈ روکنا اور امریکی شہریوں کی ملازمتوں کا تحفظ ہے۔
صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا میں غیر ملکیوں کی تعداد کم کرنے اور مستقل رہائش و شہریت حاصل کرنے کے راستے محدود کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ تازہ اقدامات سے ہنرمند غیر ملکی کارکنوں، بالخصوص ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ افراد کے لیے گرین کارڈ حاصل کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مائیکروسافٹ پر نظام کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے گزشتہ سال 6 ہزار امریکی ملازمین کو فارغ کیا، جبکہ اسے عارضی ایچ ون بی ویزوں کے تحت 6,300 کارکنوں اور تقریباً 3 ہزار گرین کارڈز سے فائدہ ہوا۔
امریکی محکمہ محنت کے مطابق مائیکروسافٹ مستقل لیبر سرٹیفکیشن، یعنی پرم درخواستیں جمع کرانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ اس عمل میں آجروں کو ثابت کرنا ہوتا ہے کہ غیر ملکی کارکن کی بھرتی سے امریکی ملازمین کی ملازمتوں یا اجرتوں پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔