فوڈ ایئر 2026-27، ٹی سی پی کو گندم درآمد کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
- یہ فیصلہ فوڈ ایئر 2026-27 کیلئے گندم کی درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں کیا گیا
وفاقی حکومت نے بدھ کو گندم کی درآمدات تیز کرنے کیلئے کوششیں بڑھاتے ہوئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو ہدایت کی ہے کہ فوڈ ایئر 2026-27 کیلئے سندھ کی جانب سے درکار مزید ایک لاکھ 85 ہزار ٹن گندم کی خریداری کا عمل آگے بڑھایا جائے۔
یہ فیصلہ فوڈ ایئر 2026-27 کیلئے گندم کی درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی۔
کمیٹی نے گندم کی درآمد کے انتظامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور ٹی سی پی کو ہدایت کی کہ سندھ کیلئے درکار باقی مقدار کی خریداری کیلئے کم ترین بولی یا بولیوں کو قبول کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو بھی ہدایت کی کہ مطلوبہ ادائیگیوں کا فوری انتظام کیا جائے اور گندم کی درآمد کے عمل پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ سہ فریقی معاہدے مکمل کیے جائیں۔
حکومت کے مطابق گندم کی درآمد کا مقصد ملک میں گندم کی مناسب فراہمی یقینی بنانا اور قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھنا ہے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سندھ کے وزیر خوراک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت، پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے مینیجنگ ڈائریکٹر، متعلقہ صوبائی سیکریٹریز، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور ٹی سی پی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
کمیٹی کی ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب حکومت فوڈ ایئر 2026-27 کیلئے گندم کی درآمد کے انتظامات مکمل کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے، جس میں صوبوں کی ضروریات پوری کرنے، بروقت خریداری اور گندم کی فراہمی یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026