محکمہ موسمیات نے منگل کو سندھ کے کئی اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش کی پیش گوئی کی جب کہ کراچی میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی راجستھان اور ملحقہ گجرات کے اوپر موجود مون سون کا کم دباؤ والا نظام اب کچھ اور اس سے ملحقہ بحیرہ عرب کے علاقے میں منتقل ہوگیا ہے۔ یہ نظام مزید مغرب، جنوب مغرب کی سمت بڑھنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق اس موسمی نظام کے زیرِ اثر آج بدین، ٹھٹھہ، سجاول، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور حیدرآباد کے اضلاع میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کراچی ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم زیادہ تر ابرآلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔