عوام کو خیرات نہیں، حقوق چاہئیں، جماعتِ اسلامی
- پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر جاری دھرنا 29 ویں روز میں داخل
پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس پر جاری دھرنا 29 ویں روز بھی جاری رہا، امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ عوام خیرات نہیں بلکہ اپنے حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں۔
احتجاجی مقام پر انہوں نے کہا کہ اس مہم نے پٹرولیم لیوی کو ایک اہم عوامی مسئلہ بنا دیا ہے۔ عوام حکمرانوں سے خیرات نہیں مانگ رہے بلکہ اپنے حق کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے سوال کیا کہ ریکارڈ بلند ایندھن کی قیمتوں کے ذریعے عوام پر مزید کتنا بوجھ ڈالا جائے گا۔
منعم ظفر نے کہا کہ حکومت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پٹرولیم لیوی کی مد میں 3,137 ارب روپے وصول کرچکی ہے جب کہ حکمران مفت پٹرول، مفت بجلی اور دیگر مراعات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے اعلان کردہ 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں اور رجسٹریشن کا عمل جاری ہے جبکہ حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔
جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر منگل کو جبکہ آئی پی پیز کے معاملے پر بدھ سے مذاکرات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے اور امید ہے کہ آئی پی پیز کے معاملے پر ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے۔ عوام اب مہنگی بجلی اور ناجائز بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قومی مفاد میں آئی پی پیز کے معاہدوں میں تبدیلی کے مطالبے کے لیے جماعتِ اسلامی کے احتجاج ملک بھر میں جاری ہیں۔
علاقائی سطح پر ایندھن کی قیمتوں کا موازنہ کرتے ہوئے جماعتِ اسلامی کے رہنما نے کہا کہ 10 فروری سے 10 ستمبر کے دوران بھارت میں ڈیزل کی قیمتوں میں 9 فیصد اور بنگلہ دیش میں 15 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان میں یہ اضافہ 41 فیصد رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر نے اعلان کیا ہے کہ ایک دن حکومت کا سربراہ سائیکل پر دفتر آئے گا جبکہ ہمارے حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھاتے ہوئے اپنی مراعات میں کمی کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
قبل ازیں دھرنا گاہ میں اساتذہ کرام کا سیشن منعقد ہوا جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ کرام نے شرکت کی، پاکستان انجینئر فورم کراچی چیپٹر کے وفد نے عمران احمد کی قیادت میں شرکت کی اور دھرنے کی مکمل حمایت اور حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اسلام آباد مارچ میں شرکت کی یقین دہانی کروائی۔
پاکستان انجینئر فورم کراچی چیپٹر کے صدر حماد نے انجینئرز کی جانب سے دھرنا فنڈ میں 15لاکھ فنڈ بھی جمع کروایا، دھرنے میں امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر کی قیادت میں روفی گلوبل سٹی کے متاثرین کے وفد نے شرکت کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔