کرکٹ آسٹریلیا کا بگ بیش لیگ کی فرینچائزز نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کا اعلان
- کرکٹ آسٹریلیا کی سابقہ نجکاری کی تجویز میں 49 فیصد بی بی ایل فرنچائزز اور دو ٹیموں والی ریاستوں میں سے ایک ٹیم کی 100 فیصد فروخت کی اجازت دینے کی بات کی گئی تھی
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے 2027-28 کے سیزن سے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں نجی سرمایہ کاری لانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں 2018-19 کی چیمپیئن میلبرن رینیگیڈز فرینچائز کو نجی مالک کے پاس فروخت کے لیے بولی لگائی جائے گی۔
اس سے قبل تمام ٹیموں کے 49 فیصد اور دو ٹیموں والی ریاستوں کے 100 فیصد حصص فروخت کرنے کی تجویز نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ نے مسترد کر دی تھی۔ مالیاتی خسارے سے نمٹنے اور عالمی ٹی 20 لیگز سے مقابلے کے لیے سی اے کا مقصد نجی سرمایہ کاری سے بھاری رقم اکٹھا کرنا ہے۔
چیئرمین مائیک بیرڈ کے مطابق اس اقدام سے کھیل کا مستقبل محفوظ ہوگا، جبکہ بین الاقوامی شیڈول اور اہم قوانین پر کنٹرول آسٹریلین کرکٹ کے پاس ہی رہے گا۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) مالکان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے متعلق خدشات کو سی اے کے حکام نے غیر ضروری قرار دیا ہے۔