جنوبی لبنان کے قصبے پر اسرائیلی حملے، 11 افراد جاں بحق، سرکاری خبر رساں ایجنسی
- علاوہ ازیں اسی قصبے میں ایک سویلین گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے کے نتیجے میں اس میں سوار دو طبی امدادی کارکن بھی جاں بحق ہوگئے، رپورٹ
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے ایک قصبے پر پیر کی علی الصباح کیے گئے اسرائیلی حملوں میں دو بچوں اور دو طبی امدادی کارکنوں سمیت کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جون میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود، جس کا مقصد اسرائیلی فوج اور لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کے درمیان لڑائی روکنا تھا، اسرائیل نے گزشتہ چند روز کے دوران جنوبی لبنان پر بمباری میں مزید شدت پیدا کردی ہے۔
اتوار کو بھی اسرائیلی حملوں میں کم از کم سات افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ آدھی رات کے فوراً بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے کفَر رُمّان میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت نو افراد جاں بحق اور مزید پانچ زخمی ہوگئے۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بتایا۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، قصبے میں ایک شہری گاڑی پر کیے گئے الگ اسرائیلی ڈرون حملے میں گاڑی کے اندر موجود دو طبی امدادی کارکن بھی جاں بحق ہوگئے۔
قصبے پر یہ حملے اسرائیلی فوج کی جانب سے آن لائن انخلا کی کوئی پیشگی وارننگ جاری کیے بغیر کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے فوری طور پر رائٹرز کے ان سوالات کا جواب نہیں دیا کہ آیا اسے حملوں کے مقامات پر طبی امدادی کارکنوں اور بچوں کی موجودگی کا علم تھا اور انخلا کی وارننگ کیوں جاری نہیں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے کے فوراً بعد (اتوار کو 23:00 جی ایم ٹی) جنوبی لبنان کے ایک دوسرے قصبے میں ایک عمارت کے اطراف کے علاقوں کے لیے الگ سے انخلا کی وارننگ جاری کی۔ ترجمان کے مطابق وہاں حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
حزب اللہ کی جانب سے 2 مارچ کو اسرائیل پر راکٹ داغے جانے کے بعد سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 4,300 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ یہ حملے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے دو روز بعد شروع ہوئے تھے، جس کے بعد اسرائیل نے لبنان میں فضائی اور زمینی کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔
جنگ بندی کے بعد تشدد میں ڈرامائی طور پر کمی آئی، تاہم جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں پر قابض اسرائیلی فوج نے اپنے اعلان کردہ سکیورٹی زون میں دیہات کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج سکیورٹی زون کے اندر اور اس کے شمال میں بھی مسلسل حملے کررہی ہے، جن میں زیادہ تر کے لیے انخلا کی پیشگی وارننگ جاری نہیں کی جاتی۔