بلوچستان کا امن و خوشحالی اولین ترجیح ہے، سی ڈی ایف جنرل عاصم منیر
- فیلڈ مارشل کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ
چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) و چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کو کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بلوچستان کی سکیورٹی صورتِ حال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی، جبکہ انہیں سکیورٹی ماحول اور آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
اداروں کے درمیان رابطہ کاری اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے معاونت سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل منیر نے ’’فوجی دستوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم‘‘ کو سراہا۔
انہوں نے بلوچستان میں امن کو مستحکم کرنے اور پائیدار معاشی سرگرمیوں و ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے قانون نافذ کرنے والے اداروں (ایل ای ایز) اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا محور رہے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ مستحکم اور محفوظ ماحول ترقیاتی منصوبوں، معاشی مواقع اور صوبے کے عوام کے بہتر مستقبل کے امکانات کو فروغ دینے میں معاونت جاری رکھے گا۔