زیرِ التوا سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی تیز، ایف بی آر نے طریقہ کار تبدیل کردیا
- سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترمیم کے لیے ایس آر او 1498(I)/2026 جاری
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے برآمد کنندگان کو موخر یا زیرِ التوا سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگیوں میں تیزی لانے کے لیے طریقہ کار میں ترمیم کردی ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے جمعہ کو سیلز ٹیکس رولز 2006 میں مزید ترمیم کے لیے ایس آر او 1498(I)/2026 جاری کردیا ہے۔
ایک ٹیکس ماہر نے بتایا کہ موخر یا زیرِ التوا سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیمز کی منظوری کے لیے مزید چار مرتبہ ری پراسیسنگ یا جانچ کی اجازت دے دی گئی ہے۔
برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مزید چار مرتبہ توثیقی جانچ یا سائیکل کی اجازت دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر نے یہ فیصلہ برآمد کنندگان سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔
ایس آر او 1498(I)/2026 کے مطابق، ابتدائی جانچ سمیت آٹھ توثیقی جانچ پڑتال کے بعد جو رقم کلیئر یا تصدیق شدہ نہ ہو سکے، اس نان کلیئر یا غیر تصدیق شدہ رقم کے حوالے سے سسٹم کی جانب سے ہفتہ وار بنیاد پر مزید چار توثیقی جانچ پڑتال یا سائیکل کی جائے گی۔
اگر مذکورہ چار اضافی توثیقی جانچ پڑتال یا سائیکل مکمل ہونے کے بعد بھی کوئی رقم کلیئر یا تصدیق شدہ نہ ہو سکے تو اس رقم کو بعد ازاں ’اسٹار (STARR) ماڈیول کے تحت پراسیس کیا جائے گا۔