آئی سی سی نے قذافی اسٹیڈیم پچ کا ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا
- فیصلے کے بعد پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ میں قذافی اسٹیڈیم کو دیا گیا پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ ختم ہوگیا
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جون میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ون ڈے میں استعمال ہونے والی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی پچ پر عائد ڈی میرٹ پوائنٹ واپس لے لیا ہے۔
آئی سی سی کی اپیل کمیٹی نے میچ کی ویڈیو، میچ ریفری کی رپورٹ اور دونوں ٹیموں کی رائے کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ پچ میں غیرمعمولی حد تک ناہمواری یا ٹرن نہیں تھا کہ اس پر سزا عائد کی جاسکے۔
اس فیصلے کے بعد قذافی اسٹیڈیم کو دیا جانے والا پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ ختم ہوگیا ہے۔
کم اسکور والے اس میچ کے بعد میچ ریفری گریمی لیبروئے نے قذافی اسٹیڈیم کی پچ کو ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیا تھا۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو 42 اوورز میں 157 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد یہ میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
لیبروئے نے پچ کو سست اور کم باؤنس والی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر رنز بنانا مشکل تھا اور میچ کے ابتدائی مراحل ہی سے اسپنرز کو خاصی مدد مل رہی تھی۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں یہ واحد مقابلہ تھا جس میں کوئی بھی ٹیم 200 رنز تک نہ پہنچ سکی۔
پاکستان نے پوری سیریز میں اسپن کے لیے سازگار پچز تیار کی تھیں اور تینوں میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے گئے تھے۔ اس وقت پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس حکمت عملی کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حالات میزبان ٹیم کی حکمت عملی کا حصہ تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابتدائی فیصلے کے بعد کہا تھا کہ وہ آئی سی سی کے نتائج کا جائزہ لے رہا ہے اور اپیل پر غور کرے گا۔ بورڈ نے اب کامیابی سے اس سزا کو چیلنج کردیا ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب پی سی بی آئی سی سی کی جانب سے پچ سے متعلق عائد سزا ختم کرانے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2022 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو دیے گئے ڈی میرٹ پوائنٹ کے خلاف بھی بورڈ کی اپیل منظور ہوئی تھی۔
انگلینڈ نے یہ میچ 74 رنز سے جیتا تھا اور پہلے ہی روز 506 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس میچ کی پچ کو ابتدا میں ’’غیر تسلی بخش‘‘ قرار دیا گیا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم میں اکتوبر میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ پر مشتمل سہ فریقی سیریز کے چار ون ڈے میچز کھیلے جانے ہیں۔ نومبر میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی اسی میدان میں شیڈول ہے۔
دریں اثنا، آئی سی سی کی اپیل کمیٹی نے 16 جون کو کینیڈا اور نیدرلینڈز کے درمیان مینز کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 کے میچ میں استعمال ہونے والی ٹورنٹو کے میپل لیف کرکٹ گراؤنڈ کی پچ پر عائد 3 ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا برقرار رکھی ہے۔
تاہم کمیٹی نے 8 جون کو امریکا اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ میں استعمال ہونے والی پچ کو دی گئی ’’غیر تسلی بخش‘‘ ریٹنگ واپس لے لی اور قرار دیا کہ پچ مقررہ معیار کے مطابق تسلی بخش تھی۔