جنوبی لبنان میں جھڑپیں، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک
- اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے، لبنانی وزارت صحت
اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بتایا کہ جنوبی لبنان میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جوابی حملوں میں کم از کم ایک شخص مارا گیا۔
بدھ کو اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حملوں کا آغاز کیا جسے اس نے جنگ بندی کی حزب اللہ کی جانب سے خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کے ردعمل میں کارروائی قرار دیا۔
اسرائیلی مقامی میڈیا کے مطابق جنوبی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران دھماکا خیز ڈیوائس پھٹنے سے دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
لبنانی وزارتِ صحت نے بتایا کہ جنوبی قصبے طیبنین پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔
تشدد میں یہ تازہ اضافہ روم میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کے تازہ دور کے دوران ہوا ہے، دونوں ممالک نے جون میں امریکا کی ثالثی میں ایک سیکیورٹی انتظام پر اتفاق کیا تھا جس کا مقصد سرحد پر کشیدگی اور دشمنی میں کمی لانا تھا۔
تاہم اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں سیکیورٹی زون برقرار رکھے گا تاکہ ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے خطرے کا خاتمہ کیا جاسکے۔