پاکستان

بلاول بھٹو زرداری اگست کے آخری ہفتے میں سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا کریں گے

  • پہلے مرحلے میں 15 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے مختلف سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں گے، صوبائی وزیر
شائع اپ ڈیٹ

سندھ حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کا عمل مکمل کر لیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اگست کے آخری ہفتے میں سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کریں گے۔

صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سندھ حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کو حتمی شکل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبے کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال کی عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے مختلف سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس سے انہیں تعلیم، روزگار، ہنر مندی اور خود انحصاری کے شعبوں میں بہتر مواقع تک رسائی حاصل ہوگی۔

سردار محمد بخش خان مہر نے مزید بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے تحت طلبہ کو جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس، پاکستان اور بیرون ملک مزید تعلیم کے مواقع، بلاسود قرضے، مالی معاونت، عالمی معیار کی اسکلز ٹریننگ، مقامی ٹرانسپورٹ اور ٹرین سفر میں خصوصی رعایت کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری و نجی خدمات تک ترجیحی رسائی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل طور پر آن لائن اور آسان ہوگا، تاکہ صوبے کے ہر ضلع سے تعلق رکھنے والے نوجوان باآسانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ان تمام نوجوانوں تک پہنچنا ہے جو ماضی میں حکومتی سہولیات سے محروم رہے، اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ یوتھ کارڈ صرف ان افراد کو جاری کیا جائے گا جن کے پاس سندھ کا ڈومیسائل موجود ہوگا۔

سندھ یوتھ کارڈ جاز بینک کے ذریعے جاری کیا جائے گا، جبکہ رجسٹریشن کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات جلد عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔