پاکستان کا غزہ امن منصوبے پر مثبت پیشرفت کا خیرمقدم
- پاکستان کو یقین ہے کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کے سلسلے میں امن بورڈ کے تحت ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ سمیت ثالثی کرانے والے ممالک کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ اس پیشرفت کے نتیجے میں غزہ امن منصوبے کے تحت کیے گئے تمام وعدے من و عن پورے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یقین ہے کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول میں مددگار ثابت ہوں گی، جو بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی قانونی اصولوں اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق قابلِ اعتماد سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ عمل 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار، متصل اور قابلِ عمل ریاستِ فلسطین کے قیام پر ختم ہونا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔