پاکستان

کویتی وزیر خارجہ منگل کو پاکستان کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ

  • شیخ جراح اور اسحاق ڈار کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا، بیان
شائع اپ ڈیٹ

کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 28 سے 29 جولائی تک پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ نے پیر کو اس کی تصدیق کی ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق دورے کے دوران شیخ جراح اور اسحاق ڈار کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کویتی وزیر خارجہ اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔