مارکٹس

پام آئل 15 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر

  • بینچ مارک پام آئل معاہدہ 41 رنگٹ یا 0.87 فیصد اضافے کے ساتھ 4,751 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر پہنچ گیا
شائع اپ ڈیٹ

ملائیشین پام آئل کی قیمتوں میں جمعہ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودے 15 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے جس کی وجہ تیل کی مضبوط قیمتیں اور دالیان کے پام اولین فیوچرز میں بحالی رہی۔ یہ مسلسل تیسرے ہفتہ وار اضافے کی جانب بھی گامزن رہے۔

برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں اکتوبر کی ترسیل کے لیے بینچ مارک پام آئل معاہدہ دوپہر کے وقفے تک 41 رنگٹ یا 0.87 فیصد اضافے کے ساتھ 4,751 رنگٹ (1,161.33 ڈالر) فی میٹرک ٹن پر پہنچ گیا۔

یہ معاہدہ رواں ہفتے اب تک 3.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کر چکا ہے۔

سن وِن گروپ کے کموڈٹی ریسرچ سربراہ انیل کمار باگانی نے کہا ہے کہ فیوچرز مارکیٹ میں قیمتیں بلند سطح پر کھلیں اور نئی شروع ہونے والی تیزی کا سلسلہ جاری رہا۔

اس کی وجہ توانائی قیمتوں میں مسلسل مضبوطی، دالیان پام اولین فیوچرز میں دوبارہ آنے والی تیزی، انڈونیشیا میں نئے متعارف کرائے گئے بی 50 بائیو ڈیزل مینڈیٹ کے باعث پام آئل کی برآمدات میں ممکنہ کمی اور چین کی جانب سے نئی طلب ہے۔

دالیان کے سب سے زیادہ فعال سویا آئل معاہدے میں 0.88 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پام آئل کے معاہدے میں 1.33 فیصد تیزی ریکارڈ کی گئی۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا آئل کی قیمتوں میں 0.23 فیصد کمی ہوئی۔