شہباز شریف کا سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ
- وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی سے ٹیلی فونک رابطہ
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی اورسعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مملکت کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ پیشرفت اس کے چند گھنٹے بعد سامنے آئی جب حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے بحری ناکہ بندی کے تحت دو سعودی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا۔
یمن میں مقیم حوثی عسکریت پسند جو آبنائے باب المندب کے قریب کے علاقوں پر قابض ہیں نے کہا کہ وہ سعودی عرب پر بحری ناکہ بندی نافذ کر رہے ہیں جسے بعض تجزیہ کاروں نے ایران کی جانب سے اثر و رسوخ حاصل کرنے کے لیے ایک حکمت عملی کے طور پر دیکھا ہے۔
حوثیوں نے کہا کہ ان کی فورسز نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے دو تیل کے ٹینکروں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے اور ان کی شناخت انسیلیا اور لیلیٰ کے نام سے کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی آئل ٹینکروں پر حملے قطعی ناقابلِ قبول ہیں، یہ بین الاقوامی قانون کی صریحً خلاف ورزی، جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ اور علاقائی امن، سلامتی و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور قانونی سمندری تجارت کی بلا تعطل روانی کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا جبکہ وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔