دنیا

آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں دو تیل بردار جہاز دھماکے سے تباہ

  • جب تک خطے میں امریکہ کی جارحیت جاری رہے گی آبنائے ہرمز محفوظ نہیں رہے گی، آئی آر جی سی
شائع اپ ڈیٹ

ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے پیر کو دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران دو تیل بردار جہاز دھماکے سے پھٹ گئے۔ آئی آر جی سی نے اس راستے کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ امریکی فوج نے ان ٹینکروں کو اسی راستے سے گزرنے کی ترغیب دی تھی۔

رائٹرز اس واقعے کی فوری طور پر آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔

بیان میں بحری جہازوں کے نام، ان پر لہرانے والے پرچم، عملے کی تفصیلات یا کسی جانی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

آئی آر جی سی نے کہا کہ جب تک خطے میں امریکہ کی جارحیت جاری رہے گی آبنائے ہرمز محفوظ نہیں رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس راستے سے پٹروکیمیکل مصنوعات کی ترسیل تو درکنار، تیل اور گیس کا ایک قطرہ بھی محفوظ طریقے سے نہیں گزر سکے گا۔

آئی آر جی سی نے امریکی فوج کو تعزیری کارروائی کے لیے تیار رہنے کی وارننگ دی۔