پاکستان

وزیر اعظم کا غیر معیاری سرنجوں پر پابندی عائد کرنے کا حکم

  • شہباز شریف کا متعدی امراض کی فوری روک تھام اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اقدام، ماہرین کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت
شائع اپ ڈیٹ

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ متعدی امراض کے پھیلاؤ کو فوری طور پر روکا جا سکے۔

وہ اسلام آباد میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ غیر مجاز سرنجوں کے استعمال میں ملوث یا ان کے استعمال کو روکنے میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب افراد اور اسپتالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے متعدی امراض کی روک تھام کے لیے اقدامات تجویز کرنے کی خاطر ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی اپنی سفارشات تیار کرتے وقت صوبوں کے ساتھ مشاورت کو لازمی طور پر یقینی بنائے۔

وزیر اعظم نے وزارتِ قانون کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک میں ضروری ترمیم کی تجاویز پیش کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی حکمتِ عملی کی تیاری اور اس کا مؤثر نفاذ انتہائی اہم ہے۔ شہباز شریف نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو ہدایت کی کہ وہ طبی آلات بنانے والی صنعت کے ساتھ مشاورت کرے اور سرنجوں کے ذریعے متعدی امراض کے پھیلاؤ کو مستقل طور پر روکنے کے لیے پالیسی اقدامات تجویز کرے۔