چینی کمپنی کی پاکستان کے تیل، ریفائنری اور آف شور انرجی سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی پیشکش
- کمپنی کا مقصد ملک کے اندر ہائیڈرو کاربن (تیل و گیس) کی پیداوار بڑھانے کے لیے تعاون کرنا ہے
ایک چینی کمپنی نے پاکستان کے پورے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے، جس میں اپ اسٹریم برآمدات (تیل و گیس کی تلاش و پیداوار)، ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن، سمندری کھدائی (آف شور ایکسپلوریشن) اور توانائی کے آلات کی مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔
وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کمپنی کے چیئرمین کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران یہ بات بتائی۔پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شانڈونگ شن شو گروپ کارپوریشن کے چیئرمین ہو جیان ڈن نے پاکستان کی توانائی کی ویلیو چین کا احاطہ کرنے والی طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد فیلڈ آپٹیمائزیشن، ڈرلنگ سروسز اور پیداوار میں اضافے کے ذریعے مقامی ہائیڈرو کاربن (تیل و گیس) کی پیداوار بڑھانے میں تعاون کرنا ہے۔
چیئرمین ’ہو‘ نے پاکستان کی ریفائنریوں کو جدید بنانے کے لیے فلوئڈ کیٹلیٹک کریکنگ (ایف سی سی ) یونٹ نصب کرنے کی تجویز بھی دی، تاکہ فرنس آئل کو اعلیٰ قیمت والی پٹرولیم مصنوعات میں تبدیل کیا جا سکے۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں توانائی کے آلات کی تیاری کا ایک کارخانہ قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی، جو مقامی طلب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ کی برآمدی منڈیوں کی ضروریات بھی پوری کرے گا۔
دیگر تجاویز میں سمندری تیل کی تلاش اور ترقی، سیسہ کی مائننگ، سلفر پروسیسنگ پلانٹ کا قیام اور پاکستان کی ساحلی پٹی کے ساتھ انٹیگریٹڈ انرجی سٹیز (مربوط توانائی کے شہر) تیار کرنا شامل ہیں جن میں ایل این جی انفرااسٹرکچر، پٹرولیم ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور پٹرو کیمیکل صنعتیں شامل ہوں گی۔
ان تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اس شعبے میں ویلیو ایڈیشن (قدر میں اضافے) کو فروغ دینے کے لیے توانائی کے منظر نامے کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو قابلِ عمل سرمایہ کاری کی تجاویز کی سہولت کاری کے لیے حکومتی تعاون کا یقین دلایا اور پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ بروقت فالو اپ کو یقینی بنانے کے لیے ہر تجویز کے لیے مخصوص فوکل پرسنز مقرر کرے۔
وزیر پٹرولیم نے یہ بھی واضح کیا کہ شانڈونگ شن شو گروپ نے اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران ان سے ملاقات کی تھی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرا تعاون پاکستان کی اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے کی کایا پلٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔