اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس میں مزید 800 پوائنٹس کا اضافہ
- بینچ مارک انڈیکس 184,837.03 کی بلند سطح پر برقرار
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کے رجحان کو روکنا ناممکن ہو گیا، جہاں جمعرات کے روز کاروباری سیشن کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 800 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
دوپہر دو بجے کے قریب مارکیٹ کا اہم انڈیکس 786.93 پوائنٹس یا 0.43 فیصد اضافے کے ساتھ 184,837.03 کی بلند سطح کے آس پاس ٹریڈ کر رہا تھا۔
مارکیٹ میں کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ انڈیکس پر زیادہ اثر رکھنے والے شیئرز، جن میں حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایچ بی ایل، ایم ای بی ایل اور یو بی ایل شامل ہیں مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
بدھ کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2026-27 کا آغاز انتہائی مثبت انداز میں کیا تھا۔ سرمایہ کاروں نے مہنگائی میں مزید کمی کی توقع، عالمی منڈی میں خام تیل کی گرتی قیمتوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جلد شرح سود میں کمی کے امکانات پر بھرپور خریداری کی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس 3,748.40 پوائنٹس یا 2.08 فیصد اضافے کے ساتھ ریکارڈ 184,050.10 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹوں میں ایشیائی حصص جمعرات کو دباؤ کا شکار رہے۔ سرمایہ کاروں نے چِپ ساز کمپنیوں میں منافع وصولی کو ترجیح دی، جبکہ کرنسی اور بانڈ مارکیٹوں کی نظریں امریکی روزگار کے اعداد و شمار پر مرکوز رہیں، جن سے شرح سود کے مستقبل کے بارے میں اہم اشارے ملنے کی توقع ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی چار ماہ کی نئی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ برینٹ خام تیل تقریباً 0.8 فیصد کمی کے ساتھ 71 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ اس کی ایک وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قطر میں ایران کے ساتھ مذاکرات کو مثبت قرار دینا اور آبنائے ہرمز سے تیل بردار جہازوں کی آمدورفت میں اضافہ بھی بتایا جا رہا ہے۔
ایشیائی مارکیٹوں میں ایم ایس سی آئی ایشیا پیسیفک انڈیکس (جاپان کے علاوہ) 0.8 فیصد گر گیا، جبکہ جاپان کا نکیئی انڈیکس 1.1 فیصد نیچے آ گیا۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 2.7 فیصد گر گیا، جبکہ ایس کے ہائینکس کے حصص 7.7 فیصد اور سام سنگ کے شیئرز 6.2 فیصد تک نیچے آ گئے۔
یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے۔