پاکستان بزنس فورم کا پاک ایران گیس پائپ لائن دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ
- پاک ایران امن کو اب معاشی خوشحالی میں تبدیل ہونا چاہیے، رہنما
پاکستان بزنس فورم نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی اور تجارتی تعاون بڑھانے پر زوردیا ہے۔
پاکستان بزنس فورم (پی بی ایف) نے خطے میں حالیہ کشیدگی کے خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ایران امن کو اب معاشی خوشحالی میں تبدیل ہونا چاہیے۔ پی بی ایف کے چیف آرگنائزر احمد جواد نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور 900 کلومیٹر طویل سرحد کے باوجود سالانہ باہمی تجارت صرف 2 ارب ڈالر کے قریب ہے، جو اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے پالیسی اصلاحات، سرحدی انفرااسٹرکچر اور بینکنگ انتظامات کی بہتری کے ذریعے تجارت کو جلد 5 ارب اور بعد ازاں 10 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچانے پر زور دیا۔
احمد جواد نے کہا کہ پاکستان چاول، ٹیکسٹائل، پھل اور سرجیکل آلات ایران برآمد کر سکتا ہے، جبکہ ایران سے قدرتی گیس، پیٹرو کیمیکلز اور کھادیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے بالخصوص پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی بحالی کا مطالبہ کیا جو روزانہ 750 ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کرکے پاکستان کی توانائی کی قلت دور اور صنعتی لاگت کم کر سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی کونسل کے قیام، سرحدی منڈیوں کو فعال کرنے اور کاروباری ویزوں کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔