پاکستان

بحرینی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ، پاکستان کے مفاہمتی کردار کو سراہا

  • گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا
شائع June 28, 2026 اپ ڈیٹ June 28, 2026 12:05pm

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اتوار کے روز اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہونے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے امن معاہدے کے لیے اسلام آباد کے تعمیری کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔

گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جنگ بندی کے حصول میں کردار پر ذاتی طور پر شکریہ ادا کر سکیں۔

اسحاق ڈار نے اپنے بحرینی ہم منصب کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت جاری رکھے گا۔