تین ڈسکوز کی نجکاری: حکومت کی سرمایہ کاروں کو 20 فیصد منافع کی پیشکش
- سرمایہ کاروں نے ڈالر پر مبنی ٹیرف کا مطالبہ نہیں کیا، محمد علی
حکومت ممکنہ طور پر تین پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکو) کے خریداروں کو 20 فیصد تک منافع کی شرح کی پیشکش کرے گی۔ یہ پیشکش ریگولیٹری اصلاحات، آپریشنل کارکردگی میں بہتری، بجلی کی خرید و فروخت کے موجودہ ماڈل میں تبدیلیوں اور خود بجلی پیدا کرنے کی اجازت کے امتزاج کے ذریعے دی جائے گی۔
یہ بات وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی صحافیوں کے ساتھ ایک غیر رسمی گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
نجکاری کمیشن بورڈ پہلے ہی ڈسکوز کی نجکاری کی راہ ہموار کرنے کے لیے ان کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دے چکا ہے۔
محمد علی نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو 14 سے 15 فیصد کا بنیادی منافع پیش کر رہے ہیں جسے کارکردگی میں بہتری کے ذریعے 18 سے 20 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ مقامی سرمایہ کاروں نے ڈالر پر مبنی ٹیرف کا مطالبہ نہیں کیا کیونکہ حکومت نے واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ٹیرف روپے پر ہی مبنی رہے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ چونکہ صارفین کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی ڈسکوز کے سسٹم سے نکل رہی ہے، اس لیے ڈالر میں منافع کی ادائیگی قابلِ عمل نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سرمایہ کاروں کو کم از کم گارنٹی شدہ منافع کو یقینی بنانا ہوگا۔ تاہم اگر کوئی سرمایہ کار اپنی کارکردگی بہتر بناتا ہے اور نقصانات کو کم کرتا ہے تو منافع کی شرح 18 سے 20 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
کارکردگی کے کلیدی اشاریے طے کیے جائیں گے جن میں آپریشنل کارکردگی، لوڈ شیڈنگ، نقصانات اور ریکوری (وصولی) جیسے امور شامل ہوں گے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026