کابینہ کمیٹی نے پی این ایس سی بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی منظوری دیدی
- وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس
کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی منظوری دیدی۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز، ریگولیٹری اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام نے شرکت کی۔
کمیٹی نے بحری امور ڈویژن کی جانب سے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی سفارش پرمبنی سمری کا جائزہ لیا اور تفصیلی غوروخوض کے بعد ریاستی ملکیتی ادارہ جات گورننس و آپریشنز ایکٹ 2023 اور متعلقہ گورننس فریم ورک کے تحت ان تقرریوں کی منظوری دے دی۔
کمیٹی نے پاور ڈویژن کی جانب سے ڈبلیو ایکس ڈسکوز کے حوالے سے پبلک سروس آبلیگیشن معاہدے کی منظوری سے متعلق سمری کاجائزہ لیا۔ معاہدے کامقصد بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ طے شدہ شرائط کی روشنی میں عوامی خدمات کی ذمہ داریوں کو بروقت اور باضابطہ طور پر نافذ کرنا ہے ۔
مزید برآں سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی اس سمری پر بھی غور کیا گیا جس میں انسٹیٹیوٹ آف ڈیفنس، انڈسٹری اینڈ اکیڈیمیا سے متعلق معیاری تحقیق کو فروغ دینے کے لیے جنوری میں قائم ہونے والی ادارہ جاتی تنظیم انڈیجینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈائریکٹرز کی تقرریوں کی منظوری شامل تھی جسے کمیٹی نے منظور کر لیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026