کاروبار اور معیشت

زرعی اجناس کی فیوچرز مارکیٹ مضبوط بنانے کے لیے پی ایم ای ایکس اور آئی ایف سی میں شراکت داری

  • شراکت داری کا مقصد کموڈٹی مارکیٹوں میں شفافیت، کارکردگی اور نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانا ہے
شائع June 19, 2026 اپ ڈیٹ June 19, 2026 03:41pm

پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پی ایم ای ایکس) اور عالمی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) نے ملک کی زرعی اجناس کی فیوچرز مارکیٹ کو مضبوط بنانے اور الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسپٹ (ای ڈبلیو آر) نظام کے نفاذ کے لیے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس شراکت داری کا مقصد کموڈٹی مارکیٹوں میں شفافیت، کارکردگی اور نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔اس اقدام سے مارکیٹ میں قیمتوں کے تعین اور رسک مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنا کر کسانوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروباری فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ گوداموں (وایئر ہاؤسز) کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری بڑھنے، فصل کی کٹائی کے بعد کے نقصانات کو کم کرنے اور ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ پی ایم ای ایکس کے پلیٹ فارم پر فیوچرز ٹریڈنگ کے لیے مکئی، چاول، کپاس اور گندم کو ترجیحی اجناس کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت آئی ایف سی زرعی اجناس کی اسٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور ٹریڈنگ سے متعلقہ قوانین کے جائزے اور اصلاحات میں مدد کرے گی۔ پی ایم ای ایکس کے سی ای او خرم ظفر نے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی زرعی مارکیٹوں کو جدید بنانے، قیمتوں میں شفافیت لانے اور کسانوں کو مارکیٹ تک بہتر رسائی دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔