کھیل

پاک فوج نے انٹرنیشنل پیس اسٹیکنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

  • انٹرنیشنل پیس اسٹیکنگ مقابلہ 2026 برطانیہ میں ہوا، پاک فوج کی پی ایم اے ٹیم نے کلین سویپ کیا
شائع June 12, 2026 اپ ڈیٹ June 12, 2026 04:56pm

پاک فوج نے برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں منعقدہ باوقار انٹرنیشنل پیس اسٹیکنگ مقابلہ 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کی نمائندگی کرنے والی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے میں کلین سویپ کیا اور تمام بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔

ان اعزازات میں مجموعی طور پر پہلی بیسٹ ٹیم ٹرافی ، بیسٹ پیس اسٹیکر اور بیسٹ ڈرائیور کے ایوارڈز شامل ہیں۔ میجر حیدر گلزار کی قیادت میں پاک فوج کا 9 رکنی دستہ گزشتہ جمعے کو برطانیہ پہنچا تھا۔ اس سالانہ مقابلے میں دنیا بھر کی مختلف افواج سے تعلق رکھنے والی 16 انٹرنیشنل ٹیموں نے حصہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی یہ شاندار کامیابی پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، تربیت اور لگن کی عکاس ہے۔