کاروبار اور معیشت

فکسڈ ٹیکس آسان اسکیم تاریخی سنگ میل ہے، پی بی آئی ایف

یہ اسکیم 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لائے گی، میاں زاہد حسین
شائع June 9, 2026 اپ ڈیٹ June 9, 2026 01:18pm

پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم کے صدر میاں زاہد حسین نے تاجروں کے لیے حکومت کی نئی فکسڈ ٹیکس آسان اسکیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کو دستاویزی بنانے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کی جانب ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر دوست اسکیم کی ناکامی سے سبق سیکھ کر یہ اسکیم تاجر برادری کی مشاورت سے بنائی گئی ہے جس کے بہترین نتائج ملیں گے۔ ملک کے 44 لاکھ تاجروں میں سے صرف 3 لاکھ ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں، جبکہ ہول سیل اور ریٹیل سیکٹر کا جی ڈی پی میں حصہ 18 فیصد ہے لیکن ٹیکس میں صرف 4 فیصد ہے۔ یہ اسکیم 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لائے گی۔

اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپے تک سالانہ ٹرن اوور والے تاجروں پر صرف ایک فیصد فکسڈ ٹیکس، مقامی زبانوں میں آسان فارمز اور آڈٹ و پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) سے استثنیٰ جیسے اقدامات ایف بی آر کی جانب سے ہراساں کیے جانے کا خوف ختم کریں گے۔ مزید برآں دکانوں پر کیو آر کوڈ پلیٹس لگانے سے ٹیکس انسپکٹرز کا داخلہ بند ہوگا جبکہ اسکیم سے باہر رہنے والوں پر سخت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔