پنجگور میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 6 دہشگرد ہلاک
- ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم اور ایک گاڑی بھی برآمد
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کےضلع پنجگور میں 3 اور 4 جون کی درمیانی رات انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشگرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں چلنے والے 6 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق ہلاک افراد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں، جس کے باعث سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشنز (آئی بی اوز) تیز کر دیے گئے ہیں۔