فرانس میں شدید گرمی کی لہر سے 7 افراد ہلاک
- ہلاک ہونے والے سات افراد میں سے پانچ جھیلوں، دریاؤں یا ساحلوں میں ڈوبنے کے واقعات میں جان سے گئے
فرانس میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث براہِ راست یا بالواسطہ طور پر سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی جونیئر وزیر برائے توانائی موڈ بریژوں نے منگل کے روز اس بات کی تصدیق کی۔
وزیر کے مطابق ہلاک ہونے والے سات افراد میں سے پانچ جھیلوں، دریاؤں یا ساحلوں میں ڈوبنے کے واقعات میں جان سے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث لوگ ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے آبی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، جس کے دوران حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
موڈ بریژوں نے بتایا کہ حکومت نے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کھیلوں کی تقریبات کے دوران شہریوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں تاکہ گرمی سے متاثر ہونے والے واقعات کو کم کیا جا سکے۔
فرانس میں گزشتہ ہفتے سے معمول سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات میٹیو فرانس کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے بریٹنی میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ منگل کی دوپہر درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ گرمی کی یہ شدید لہر بدھ اور جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی زیادہ پینے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔