پاکستان

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی و امن کوششوں پر تبادلہ خیال

  • رہنماؤں کی طویل مدتی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے سفارتی کوششوں پر توجہ مرکوز
شائع اپ ڈیٹ

چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی ہے جس میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی حکومت نے ہفتے کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے اور طویل مدتی امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے سفارتی کوششوں پر توجہ مرکوز کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر جمعہ کو تہران پہنچے جو امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر نے ایک روز قبل بتایا کہ تہران آمد پر ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

یہ دورہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے مجوزہ دوسرے دور کے التوا کے بعد، واشنگٹن اور تہران کے درمیان پاکستان کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے تناظر میں ہورہا ہے۔

قبل ازیں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے دونوں فریقین کے درمیان سفارتی رابطوں کو آسان بنانے میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ واشنگٹن فیلڈ مارشل منیر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

سویڈن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے امریکہ اور ایران کے درمیان امن قائم کرنے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے قابلِ تحسین کردار کی تعریف کی۔

فوکس نیوز کے مطابق روبیو کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ثالث پاکستان رہا ہے اور اب بھی ہے اور میرا خیال ہے کہ انہوں نے ایک انتہائی قابلِ تحسین کام انجام دیا ہے۔

اسی دوران ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ محسن نقوی نے جمعہ کو تہران میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی تھی جس میں دیرینہ تنازعات کو حل کرنے کے لیے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان نے حال ہی میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو دوبارہ بحال کرنے کی وسیع تر علاقائی کوششوں کے حصے کے طور پر واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ سفارتی رابطوں کو تیز کردیا ہے۔