کاروبار اور معیشت

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

  • نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگیا
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6.80 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق 23 مئی 2026ء سے ہوگیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 6 روپے کی کمی سے پٹرول کی نئی قیمت 409.78 روپے سے کم ہو کر 403.78 روپے لٹر ہوگئی۔

اسی طرح ڈیزل کی نئی قیمت 6.80 روپے کی کمی سے 409.58 روپے سے کم کر کے 402.78 روپے فی لٹر کردی گئی ہے۔

حکام کے مطابق قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جاری اتار چڑھاؤ ہے جو جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کے باعث پیدا ہوا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ایکس ریفائنری قیمتوں اور اِن لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کی شرح میں ردوبدل کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں کمی کی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت صارفین اس وقت پٹرول اور ڈیزل پر مجموعی طور پر 160 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی ادا کررہے ہیں۔