پاکستان اور ترکیہ کا دفاعی شعبے میں باہمی تعاون مزید بڑھانے کا عزم
- سربراہ پاک فضائیہ اور ترک حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات، مشترکہ مشقوں، تربیت اور بغیر پائلٹ طیاروں سمیت ایرواسپیس ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ نے دفاعی شعبے، ایرواسپیس انوویشن (خلائی جدت طرازی) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس عزم کا اظہار سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے دورہ ترکیہ کے دوران ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں کیا گیا۔
اپنے سرکاری دورے کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادیاغلو، ترکیہ کے وزیرِ دفاع یاشار گولر اور ہائیر ٹیکنالوجی بنانے والی مشہور کمپنی بیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بایراکتار سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کیں۔
ترک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کے دوران ایئر چیف نے مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ وفود کے تبادلوں کے ذریعے دونوں افواج کے مابین آپریشنل ہم آہنگی کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ترک ایئر چیف نے ترک پائلٹوں کی تربیت میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار اور تعاون کو انتہائی سراہا۔
وزیرِ دفاع یاشار گولر سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم مضبوط تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کا اعادہ کیا، جبکہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرواسپیس کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اپنے دورے کی ایک اور اہم ترین مصروفیت کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے بیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بایراکتار سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کا محور ایرواسپیس انوویشن، بغیر پائلٹ کے اڑنے والے فضائی نظام (ڈرونز/یواے ویز) اور جدید ترین ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں ہونے والی پیش رفت تھی، جو کہ اگلی نسل کی دفاعی ٹیکنالوجیز میں وسیع تر تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے۔