شمالی وزیرستان آپریشن : سیکیورٹی فورسز نے 22 دہشت گرد ہلاک کر دیے
- شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں جاری کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 17 مئی کو شیوا کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی معتبر انٹیلیجنس رپورٹس ملنے پر شروع کیا گیا تھا۔
ملٹری میڈیا ونگ نے بتایا آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے زیرِ سرپرستی چلنے والے فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 22 خوارج کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جہنم واصل کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو مبینہ طور پر علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
فوج کا کہنا ہے کہ علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن تاحال جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں نے مقامی آبادی کو ہراساں اور خوفزدہ کیا تھا اور محفوظ راستے کے حصول کے لیے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایسے مکروہ اقدامات انتہائی قابلِ مذمت ہیں اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا کوئی بھی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کی جانے والی عزمِ استحکام مہم کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔