پاکستان

پروپیگنڈا اور پراکسیز استعمال کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

  •  پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا، زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب
شائع اپ ڈیٹ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے منگل کو کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے مسلح افواج کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔

کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔

اپنے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے تربیت کے اعلیٰ معیار، فکری پختگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا خاصہ رہی ہیں۔ انہوں نے اطمینان کے ساتھ اس بات کا ذکر کیا کہ اس کالج کے گریجویٹس نے ہمیشہ اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

فیلڈ مارشل نے جدید جنگ کی تیزی سے بدلتی ہوئی نوعیت پر روشنی ڈالی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، کثیر الجہتی (ملٹی ڈومین) آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے مابین باہمی ہم آہنگی اور مستقبل کے میدانِ جنگ کے چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں، افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ موجودہ سیکیورٹی ماحول کے خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج، عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فیلڈ مارشل نے اس بات کو اجاگر کیا کہ طویل مدتی ترقی کا انحصار سیکیورٹی کی کوششوں کے ساتھ عوام دوست نقطۂ نظر، ہمہ جہت (سب کو شامل کرنے والی) ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی پر ہے۔

انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی جاری کوششوں کو سراہا جن کا محور عوامی بہبود، سماجی و اقتصادی ترقی اور ریاست اور صوبے کے عوام کے درمیان رشتے کو مضبوط بنانا ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے بلوچستان میں امن و استحکام اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی سراہا۔