پاکستانی فارما کمپنی سیرل اپنے بائیولوجک پورٹ فولیو کو نیکسٹار میں منتقل کرے گی
- کمپنی کا اپنے ذیلی ادارے نیکسٹار فارما میں 4 ارب روپے کی خطیر سرمایہ کاری کا منصوبہ
دی سیرل کمپنی لمیٹڈ نے اپنے بائیولوجیکل مصنوعات کے کاروبار کو ایک مخصوص ذیلی ادارے کے تحت یکجا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تنظیمِ نو کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق کمپنی کے بورڈ نے اپنے بالواسطہ ذیلی ادارے نیکسٹار فارما میں 4 ارب روپے تک کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے۔
یہ سرمایہ کاری سیرل بائیو سائنسز لمیٹڈ کے ذریعے کی جائے گی، تاکہ کمپنی کے بائیولوجک اور متعلقہ مصنوعات کے پورٹ فولیو کو نیکسٹار میں منتقل کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد گروپ کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا اور مصنوعات کی تقسیم کو منظم کرنا ہے۔
نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیکسٹار فارما کا نام تبدیل کر کے سیرل بائیو فارما (پرائیویٹ) لمیٹڈ رکھا جا رہا ہے، جس کے لیےایس ای سی پی سے نام محفوظ کر لیا گیا ہے۔ اس پورے عمل کے لیے شیئر ہولڈرز اور ریگولیٹری اداروں کی منظوری لی جائے گی۔ واضح رہے کہ سیرل 1965 سے پاکستان میں کام کر رہی ہے اور فارماسیوٹیکل و نیوٹریشنل مصنوعات کی تیاری میں ایک نمایاں نام ہے۔