مارکٹس

وحدت پولٹری کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار آغاز، آئی پی او سے 956 ملین روپے حاصل

  • بک بلڈنگ مرحلہ 5.2 گنا جبکہ ریٹیل مرحلہ 1.2 گنا سبسکرائب ہوا
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں وحدت پولٹری فارم لمیٹڈ کی مین بورڈ پر باقاعدہ لسٹنگ کے موقع پر خصوصی گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

کمپنی نے اپنے ابتدائی عوامی شیئرز (آئی پی او) کے ذریعے تقریباً 956 ملین روپے حاصل کیے جب کہ شیئر کی حتمی قیمت 18 روپے فی شیئر مقرر ہوئی جو ابتدائی فلور پرائس 12 روپے کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ رہی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مطابق آئی پی او کو سرمایہ کاروں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔

بک بلڈنگ مرحلہ 5.2 گنا جبکہ ریٹیل مرحلہ 1.2 گنا سبسکرائب ہوا۔

مجموعی طور پر 2 ہزار 731 ریٹیل سرمایہ کاروں نے حصہ لیا جبکہ بک بلڈنگ مرحلے میں 81 انفرادی اور 24 ادارہ جاتی سرمایہ کار شامل ہوئے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین روحیل محمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وحدت پولٹری فارم کی لسٹنگ زرعی اور فوڈ سیکٹر کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرعی اور ایگرو پروسیسنگ شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور سرمایہ مارکیٹ کے ذریعے ان کمپنیوں کو ترقی کیلئے سرمایہ حاصل کرنے کے نئے مواقع میسر آرہے ہیں۔

پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ سبزواری نے کہا کہ پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک سال میں ڈالر بنیاد پر 58.09 فیصد منافع دیا جو خطے میں دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ تین اور پانچ سال کی بنیاد پر سالانہ اوسط منافع بالترتیب 63.21 فیصد اور 16.28 فیصد رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپریل 2026 کے اختتام تک منفرد سرمایہ کار اکاؤنٹس کی تعداد پہلی بار تقریباً 5 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ صرف اپریل میں 25 ہزار 114 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے۔ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں ماہانہ اوسط نئے اکاؤنٹس 20 ہزار 482 رہے جو 2025 میں 8 ہزار 804 تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026