زوما ریسورسز کا امریکی کمپنی ٹیلنا کے ساتھ عالمی ٹیلی کام معاہدہ، ای-سم مارکیٹ میں داخلے کی تیاری
- معاہدے کے تحت ٹیلنا زوما ریسورسز کو اپنے ملٹی آئی ایم ایس آئی عالمی کنیکٹیویٹی انفرااسٹرکچر تک رسائی فراہم کرے گا
زوما ریسورسز لمیٹڈ جسے پہلے بلال فائبرز لمیٹڈ کے نام سے جانا جاتا تھا نے امریکہ میں قائم ٹیلنا نارتھ امریکہ انک کے ساتھ گلوبل کنکٹویٹی کا ایک معاہدہ کیا ہے، یہ معاہدہ بین الاقوامی ٹیلی کام کی دنیا میں کمپنی کی تزویراتی تبدیلی کی علامت ہے کیونکہ کمپنی اب اپنا عالمی موبائل سروسز برانڈ متعارف کرانے اور تیزی سے بڑھتی ای سم مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پیر کواسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں کمپنی نے آگاہ کیا کہ اس معاہدے کے تحت ٹیلنا زوما ریسورسز کو اپنے ملٹی آئی ایم ایس آئی عالمی کنیکٹیویٹی انفرااسٹرکچر تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس سے زوما کو بین الاقوامی موبائل ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرنے کے قابل بنایا جائے گا جس میں ای-سم کنکٹیوٹی، موبائل ڈیٹا سروسز، وائس اور ایس ایم ایس سروسز اور متعدد نیٹ ورکس پر بین الاقوامی رومنگ کی سہولتیں شامل ہوں گی۔
معاہدے کی شرائط کے مطابق زوما کو اپنا عالمی ٹیلی کام برانڈ قائم کرنے اور اسے تجارتی سطح پر لانچ کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ نیز کمپنی کو یہ حق بھی حاصل ہوگا کہ وہ ٹیلنا کے کنکٹیویٹی انفرااسٹرکچر کو استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر کے صارفین کو ٹیلی کام خدمات فراہم کرسکے۔
مزید برآں یہ معاہدہ زوما کو متعدد ممالک اور علاقوں میں بطور ری سیلر اور سروس پرووائیڈر کام کرنے، تھرڈ پارٹی پارٹنرز اور سروس پرووائیڈرز کو اپنے ساتھ منسلک کرنے اور مکمل تجارتی لچک برقرار رکھنے کی اجازت دے گا جس میں ملٹی سپلائر آپریٹنگ ماڈل اپنانے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔
کمپنی اس معاہدے کے ذریعے اپنا ملکیتی عالمی ٹیلی کام پلیٹ فارم اور برانڈ تیار کرنے، اس کی ملکیت حاصل کرنے اور اسے چلانے کا ارادہ رکھتی ہے جسے ٹیلنا کے انفرااسٹرکچر اور نیٹ ورک انٹیگریشنز کا تعاون حاصل ہوگا۔
کمپنی نے مزید کہا کہ اس معاہدے سے زوما کو تیزی سے بڑھتی ہوئی عالمی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور ای سم مارکیٹ میں داخل ہونے میں آسانی ملے گی جس سے کمپنی کو مستحکم اور مسلسل آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
اس معاہدے کی ابتدائی مدت تین سال ہے جس میں توسیع کی گنجائش موجود ہے۔ آمدنی کا حصول ٹیلی کام سروسز کی دوبارہ فروخت اور استعمال کی بنیاد پر بلنگ کے طریقہ کار کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس کا تجارتی ڈھانچہ اس طرح وضع کیا گیا ہے کہ جیسے جیسے صارفین کی تعداد اور ٹریفک کے حجم میں اضافہ ہوگا، اسی تناسب سے کاروبار کی وسعت بڑھے گی جس سے عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
زوما نے مزید آگاہ کیا کہ وہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر لائسنس کے حصول کے لیے فزیبلٹی کا جائزہ لے رہی ہے جو کہ ریگولیٹری منظوریوں اور متعلقہ قانونی تقاضوں سے مشروط ہے۔