ستارہ پیٹرولیم کے آئی پی او کا نیا ریکارڈ، بک بلڈنگ کے آغاز کے 10 منٹ میں کیپ پرائس حاصل کرلی
- لیڈ منیجر اور بک رنر عارف حبیب لمیٹڈ کا سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پر اظہارِ تشکر
ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ کے آئی پی او بک بلڈنگ کے عمل نے کھلنے کے محض 10 منٹ کے اندر 18.90 روپے کی کیپ پرائس حاصل کرلی جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں کیپ پرائس تک پہنچنے والی تیز ترین بک بلڈنگ ٹرانزیکشن ہے۔
پیر کو جاری ہونے والے پریس بیان کے مطابق کیپ پرائس کی سطح پر قیمت کا یہ تیز ترین تعین ستارہ پیٹرولیم کے کاروباری ڈھانچے ، فیول اسٹیشن مینجمنٹ کے قابلِ توسیع ماڈل اور اس کے وسیع تر لاجسٹکس و فلیٹ آپریشنز پر سرمایہ کاروں کے پختہ اعتماد کو ظاہر کرتا ہے جو پاکستان کے آئل مارکیٹنگ ایکو سسٹم کو سہارا دے رہے ہیں۔
اس آئی پی او میں 279.9 ملین حصص شامل ہیں جو کمپنی کے کل سرمائے کے 16.66 فیصد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم کمپنی کے ریٹیل فیول اسٹیشن نیٹ ورک اور لاجسٹکس فلیٹ (گاڑیوں کے بیڑے) کو وسعت دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اس ٹرانزیکشن کے لیڈ منیجر اور بک رنر عارف حبیب لمیٹڈ نے سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب نے کہا ہے کہ ہم تمام سرمایہ کاروں کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے عارف حبیب لمیٹڈ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ آئندہ دو سال کے اندر اپنے ریٹیل نیٹ ورک کو 100 سے زائد فیول اسٹیشنز تک وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد زیادہ ترقیاتی صلاحیت رکھنے والی شاہراہوں پر اپنی موجودگی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس توسیعی منصوبے کے لیے درکار تقریباً 4.8 ارب روپے کے فنڈز آئی پی او کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔
کمپنی پاکستان کے ڈاؤن اسٹریم پیٹرولیم سیکٹر میں تیزی سے اپنے قدم جمارہی ہے جس کے تحت وہ فیول اسٹیشنز کے بڑھتے نیٹ ورک اور ٹینکرز کے وسیع تر بیڑے کی بدولت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے ایک بڑے فیول ریٹیل آپریٹر اور لاجسٹکس پارٹنر کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کررہی ہے۔
چونکہ پاکستان میں توانائی کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے فیول ریٹیل مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹیشن سروسز پر کمپنی کی یہ مربوط توجہ اسے ڈاؤن اسٹریم پیٹرولیم سیکٹر کے اندر حجم میں اضافے اور آپریشنل پیمانے دونوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے بہترین پوزیشن میں کھڑا کرتی ہے۔